ولادیمیر پیوٹن 6

پیوٹن نے یوکرین جنگ ختم کرنے کے لیے امریکی دباؤ مسترد کردیا

ماسکو(رپورٹنگ آن لائن) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین جنگ ختم کرنے کے لیے اپنے سخت مؤقف اور علاقائی مطالبات میں نرمی سے انکار کردیا ہے۔

روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین میں غیر ملکی امن فوج کی تعیناتی کو بھی مسترد کرتے ہوئے اسے جنگ جاری رکھنے کے مترادف قرار دیا، تاہم کریملن میں امریکی نمائندوں سے ملاقات کے دوران انہوں نے ایک اہم محاذی شہر میں مختصر مدت کی جنگ بندی کی پیشکش کی۔

پیوٹن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی نمائندوں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر سے ملاقات کی، امریکی نمائندے متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی میں دو روزہ مذاکرات کے بعد ماسکو پہنچے تھے، جہاں روس اور یوکرین کے درمیان جنگ ختم کرنے کے امکانات پر بات چیت ہوئی تھی۔

اس ملاقات کے دوران پیوٹن نے واضح کیا کہ روس یوکرین کے ان علاقوں پر کنٹرول سے متعلق اپنے مطالبات کم نہیں کرے گا جنہیں ماسکو نے اپنے ساتھ ضم کرنے کا دعویٰ کیا ہے، انہوں نے یوکرین میں غیر ملکی امن فوج کی تعیناتی کی تجویز بھی مسترد کردی۔

روسی صدر نے کہا کہ جنگ بندی کے بعد غیر ملکی فوجیوں کی یوکرین میں موجودگی دراصل جنگ کو جاری رکھنے کے مترادف ہوگی، انہوں نے روس اور یوکرین کے درمیان ممکنہ غیر فوجی یا درمیانی علاقوں کی تجویز پر بھی اعتراض کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان حد بندی واضح ہونی چاہئے۔

پیوٹن کے اس مؤقف سے جنگ کے خاتمے کے لیے کسی فوری معاہدے کی امیدوں کو دھچکا پہنچا ہے، اس سے قبل یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے کہا تھا کہ 2027 سے پہلے جنگ کے خاتمے کے لیے پیش رفت کا ایک موقع موجود ہے۔

امریکی نمائندوں نے پیوٹن پر زور دیا کہ آئندہ مذاکرات میں یورپی ممالک کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے، ملاقات کے بعد اسٹیو وٹکوف نے روسی سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ پیوٹن نے اگلے دور کے مذاکرات میں یورپی نمائندوں کی شرکت پر اتفاق کیا ہے۔

وٹکوف کے مطابق یورپی ممالک امریکا کے شراکت دار ہیں اور ان کی شرکت مذاکرات کے لیے اہم ہوگی، روسی صدر نے کہا کہ واشنگٹن کو اپنے یورپی اتحادیوں کے ساتھ یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ آیا وہ یوکرین میں امن چاہتے ہیں یا جنگ۔

روس کی جانب سے جنگ کو یورپی سلامتی کے وسیع تر معاملات سے جوڑنے کی کوشش بھی جاری ہے، جبکہ یوکرین اور یورپی رہنما اس خدشے کا اظہار کرتے رہے ہیں کہ یورپ کے مستقبل کا فیصلہ یوکرین کی شمولیت کے بغیر نہیں ہونا چاہئے۔

پیوٹن سے ملاقات کے بعد وٹکوف اور کشنر آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن روانہ ہوئے، جہاں ان کی یوکرینی صدر زیلنسکی سے ملاقات طے تھی، زیلنسکی وہاں یورپی رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت کے لیے موجود تھے۔

اس موقع پر زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین کے محاذ پر رابطوں کے لیے اہم سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس اسٹار شیلڈ پر نئی پابندیاں عائد کی گئی ہیں، اس سے روسی ڈرونز کو روکنے کی یوکرینی صلاحیت متاثر ہورہی ہے اور اس کے نتیجے میں مزید شہریوں اور فوجیوں کی جانیں ضائع ہوسکتی ہیں۔

روس نے 2022 میں یوکرین پر مکمل حملہ شروع کیا تھا، اس کے بعد سے ماسکو مشرقی اور جنوبی یوکرین کے بڑے علاقوں پر قبضہ کرچکا ہے، جبکہ 2014 میں کریمیا کو بھی روس نے اپنے ساتھ ضم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں