لاہور (رپورٹنگ آن لائن)سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ گوجر خان میں پنجاب یونیورسٹی کیمپس کے قیام کا برسوں پرانا خواب حقیقت کا روپ دھارنے جا رہا ہے، پنجاب حکومت نے یونیورسٹی کیمپس کے لیے مختص زمین کے حصول کی خاطر فنڈز جاری کر دیئے ہیں، جس کے بعد منصوبے پر جلد تعمیراتی کام شروع ہونے کی توقع ہے۔اپنے بیان میں راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ گوجر خان میں پنجاب یونیورسٹی کیمپس کا قیام علاقے کے تعلیمی مستقبل کے لیے اہم پیش رفت ہے۔ اس منصوبے کے تحت پورے خطے کا پہلا کالج آف فارمیسی بھی قائم ہونے جا رہا ہے، جس سے ہمارے بچوں اور بچیوں کو گھر کی دہلیز پر معیاری، اعلی اور ٹیکنیکل تعلیم کے مواقع میسر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 1993ء میں جی ٹی روڈ پر 100ایکڑ اراضی پر تعلیمی شہر بسانے کا جو خواب دیکھا تھا، اب اس کی تعبیر مل رہی ہے۔ کیمپس میں ایل ایل بی، بی بی اے، بی ایس آئی، بی ایس آئی ٹی اور کامرس کے پروگرام پہلے ہی جاری ہیں، جبکہ اس منصوبے کی تکمیل سے خطہ پوٹھوہار کے طلبہ کو اعلی تعلیم کے حصول کے لیے لاہور یا اسلام آباد جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔راجہ پرویز اشرف نے پنجاب یونیورسٹی کیمپس کے قیام میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ذاتی دلچسپی پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے صوبائی حکومت کا تعاون قابلِ قدر ہے۔ انہوں نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، ڈاکٹر امجد مگسی اور میاں فیصل کی معاونت پر بھی اظہار تشکر کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے گوجر خان یونیورسٹی منصوبے کے لیے ساڑھے چھ ارب روپے مختص کرکے بھرپور تعاون کیا۔
اس کے علاوہ چیف سیکرٹری پنجاب، صوبائی کابینہ اور پنجاب حکومت کے تمام متعلقہ اداروں نے بھی اس تعلیمی منصوبے میں تعاون کیا، جس پر وہ سب کے شکر گزار ہیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ جامعات کو درپیش مالی مشکلات کے پیش نظر وفاقی حکومت کو یونیورسٹیوں کی سالانہ گرانٹس میں اضافہ کرنا چاہیے، کیونکہ روپے کی قدر میں کمی کے باعث جامعات کو ملنے والے مالی وسائل کی حقیقی قدر نصف سے بھی کم رہ گئی ہے، جس سے اعلی تعلیمی اداروں کے لیے اپنے اخراجات پورے کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ گوجر خان میں ایل ایل ایم کی تعلیم کا بھی آغاز ہو تاکہ علاقے کے طلبہ کو قانون کے اعلی درجے کی تعلیم کے لیے دوسرے شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پنجاب یونیورسٹی کیمپس کی توسیع سے گوجر خان سمیت پورے خطہ پوٹھوہار میں اعلی تعلیم کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔









