فریال تالپور 16

شہید شاہنواز بھٹو کی قربانی جمہوریت کی جدوجہد کا روشن باب ہے، فریال تالپور

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے شہید شاہنواز بھٹو کے 41ویں یومِ شہادت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید شاہنواز بھٹو کی شہادت کا غم آج بھی لاکھوں دلوں پر ایک ایسا گہرا زخم ہے جو کبھی مندمل نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ شہید شاہنواز بھٹو کی قربانی اس بے مثال قیمت کی دردناک یاد دلاتی ہے جو بھٹو خاندان نے جمہوریت، عوامی حقوق اور آئین کی سربلندی کے لیے ادا کی۔فریال تالپور نے کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر شہید محترمہ بینظیر بھٹو تک، بھٹو خاندان کی ہر قربانی نے قوم کے جمہوری شعور، سیاسی بیداری اور حق و انصاف کی جدوجہد کو مزید مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو خاندان نے ہمیشہ جمہوری اقدار، عوامی حاکمیت اور عوام کے حقِ حکمرانی کی سربلندی کے لیے ہر قسم کی قربانیاں دیں اور کبھی اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری قائدِ عوام اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے عظیم ورثے کو غیرمتزلزل عزم کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں قائدین جمہوریت، آئین کی بالادستی، سماجی انصاف اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنے عزم پر ثابت قدم ہیں اور عوام کی خدمت کے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔

فریال تالپور نے کہا کہ آج شہید شاہنواز بھٹو کے یومِ شہادت پر پوری قوم ان کی بے مثال جدوجہد، استقامت اور قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید شاہنواز بھٹو کو جنت الفردوس میں اعلیٰ ترین مقام عطا فرمائے۔انہوں نے مزید دعا کی کہ اللہ تعالیٰ بھٹو خاندان کے تمام شہداء کی عظیم قربانیوں کو آنے والی نسلوں کے لیے حق، انصاف، جمہوریت اور انسانی وقار کی خاطر ڈٹ جانے کا ابدی سرچشمہ حوصلہ بنائے، تاکہ ان کی جدوجہد ہمیشہ قوم کے لیے مشعلِ راہ بنی رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں