شہباز گل

شہباز گل پر تشدد الزامات کی پولیس انکوائری مکمل ، رپورٹ کل اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش کی جائے گی

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے الزام میں زیر حراست تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل پر تشدد کے الزامات کی پولیس انکوائری مکمل ہوگئی ، رپورٹ کل پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش کی جائے گی۔ انکوائری رپورٹ آئی جی اسلام آباد کی زیر نگرانی خصوصی کمیٹی نے تیار کی ہے، جس میں سیاسی رہنماوں اور ڈاکٹروں کے بیانات ریکارڈ کئے گئے۔

انکوائری کمیٹی کے سامنے تحریک انصاف کے فواد چوہدری، راجہ خرم ، علی نواز اعوان اور عثمان ڈار پیش ہوئے۔ پی ٹی آئی رہنماوں نے کمیٹی کو غیرتصدیق شدہ تصاویر پیش کیں۔ تاہم جب ان سے تصاویر کا ذریعہ اور وقت پوچھا گیا تو سب لاجواب ہو گئے، اور اپنے دعووں کے حق میں مصدقہ شواہد پیش کرنے میں ناکام رہے۔ دوسری جانب شہباز گل کے طبی معائنہ کے لئے قائم چار رکنی میڈیکل بورڈ میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ پمز اسپتال ذرائع کے مطابق ڈاکٹرعاطف شامی کی جگہ ڈاکٹر طارق عبداللہ کو بورڈ میں شامل کیا گیا ہے۔