مراد علی شاہ 25

والدین کی محبت، قربانی اور تربیت ایک مضبوط اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے،وزیراعلیٰ سندھ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ والدین کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ رواں سال عالمی یومِ والدین کی تھیم ٹوگیدر فار پیرنٹس رکھی گئی ہے، جو والدین کی معاونت اور خاندانی نظام کے استحکام کا اہم پیغام دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ والدین کی محبت، قربانی اور تربیت ایک مضبوط اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے۔ بچوں کی بہتر پرورش اور روشن مستقبل کی تعمیر میں والدین کا کردار سب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔

ماں باپ اپنی خوشیوں کی قربانی دے کر بچوں کی کامیابی اور بہتر زندگی کے لیے مسلسل جدوجہد کرتے ہیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ خوشحال خاندان ہی ترقی یافتہ اور مستحکم معاشرے کی ضمانت ہوتے ہیں، جبکہ والدین کی قربانیاں نسلوں کی تعمیر اور قوموں کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت بچوں، والدین اور خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ عالمی یومِ والدین ہمیں ماں باپ کی عزت، خدمت اور معاونت کا شعور دیتا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ خاندان، معاشرہ اور ریاست سب کو والدین کی معاونت کے لیے اپنی مشترکہ ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔ انہوں نے نوجوان نسل پر بھی زور دیا کہ وہ والدین کے احترام اور خدمت کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ والدین کی فلاح اور خاندانی نظام کا استحکام سندھ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں