حلیم عادل شیخ 16

عوام دشمن بجٹ کسی صورت قبول نہیں، مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا، حلیم عادل شیخ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) ملکی معاشی صورتحال اور بڑھتی ہوئی مہنگائی پر ردِعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ نئے آنے والے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 100 فیصد اضافہ کیا جائے تاکہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اور عوام دشمن بجٹ کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ گزشتہ سال کی نسبت مہنگائی دوگنی ہوچکی ہے، جس کے باعث عوام کا جینا مشکل بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا ایک نیا طوفان برپا ہوگیا ہے اور روزمرہ استعمال کی اشیا عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نصف آبادی غربت کی لکیر سے نیچے جاچکی ہے، جبکہ عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال کر اشرافیہ کو ریلیف دینا ناقابل قبول ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نااہل فارم 47 کی حکومت نے عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے اور ملک میں سیاسی استحکام نہ ہونے کے باعث معیشت تباہی کی جانب بڑھ رہی ہے۔حلیم عادل شیخ نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 150 روپے فی لیٹر کمی کی جائے تاکہ مہنگائی کے ستائے ہوئے عوام کو کچھ سہارا مل سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں