اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیر برائے وفاقی تعلیم و کنوینئر ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے ملاقات کی۔
وفد میں ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، ارکان قومی اسمبلی سید امین الحق اور جاوید حنیف شامل تھے، ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ بھی شریک تھے۔
ملاقات میں ایم کیو ایم کے وفد نے وزیراعظم شہباز شریف کو آئندہ وفاقی بجٹ کے حوالے سے ایم کیو ایم کی طرف سے تجاویز پیش کیں، ملاقات میں وفاقی حکومت کے تحت سندھ و کراچی میں عوامی فلاحی منصوبوں کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایم کیو ایم وفاقی حکومت کی اہم اتحادی جماعت ہے جس نے حکومت کا عوامی فلاح کے حوالے سے ہر اقدام میں ساتھ دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف متعلقہ حکام کو ایم کیو ایم کی بجٹ تجاویز پر غور کرنے اور ایک قابل عمل و جامع لائحہ عمل مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی، ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔









