سندھ ہائی کورٹ 9

سندھ ہائیکورٹ،اکبر بگٹی کے پوتے کی گیس رائلٹی کی درخواست منظور،سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ نواب اکبر بگٹی مرحوم کے پوتے آل بگٹی کی گیس رائلٹی سے متعلق درخواست منظور کرتے ہوئے سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا اور آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کو 78 کروڑ 90 لاکھ 92 ہزار 99 روپے کی رائلٹی ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

درخواست گزار کے وکیل محمد فاروق کے مطابق او جی ڈی سی ایل اور نواب زونگ خان بگٹی کے درمیان گیس رائلٹی کی ادائیگی کا معاہدہ موجود تھا، جس کے تحت کمپنی 2011 تک رائلٹی کی ادائیگی کرتی رہی، تاہم اس کے بعد ادائیگی روک دی گئی۔وکیل کے مطابق آل بگٹی نے 2011 سے 2016 تک کی واجب الادا گیس رائلٹی کے حصول کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ او جی ڈی سی ایل نے 2016 سے رائلٹی کی ادائیگی روک رکھی ہے۔اس سے قبل سنگل بینچ نے درخواست مسترد کرتے ہوئے درخواست گزار کو نیا جانشینی سرٹیفکیٹ جمع کرانے کی ہدایت کی تھی، جس کے خلاف درخواست گزار نے عدالت سے رجوع کیا۔

سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے معاملے کی سماعت کے بعد سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے آل بگٹی کی درخواست منظور کرلی اور او جی ڈی سی ایل کو واجب الادا رائلٹی کی رقم ادا کرنے کا حکم جاری کیا۔وکیل محمد فاروق کے مطابق نواب زونگ خان بگٹی کا 3 مارچ 1995ء کو امریکی ریاست فلوریڈا میں انتقال ہوا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ او جی ڈی سی ایل کی جانب سے 2011 تک رائلٹی کی ادائیگی جاری رہی، تاہم بعد ازاں ادائیگی روک دی گئی جس پر آل بگٹی نے قانونی چارہ جوئی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں