ڈاکٹر فاروق ستار 13

سندھ کی گورنرشپ ہماری ہے، اسے واپس لیں گے یا پھر اپوزیشن میں بیٹھیں گے،فاروق ستار

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما اور سینیٹر فاروق ستار نے سندھ کی گورنرشپ کے معاملے پر پارٹی کا دوٹوک مؤقف سامنے رکھتے ہوئے کہا ہے کہ “سندھ کی گورنرشپ ہماری ہے، اسے واپس لیں گے یا پھر اپوزیشن میں بیٹھیں گے۔”خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ سندھ کی گورنرشپ کے حوالے سے گزشتہ دو روز کے دوران اہم مشاورت اور پیغام رسانی ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں معاملے پر بامعنیٰ اور مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پارٹی کی کوششیں رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ کامران ٹیسوری کی بطور گورنر سندھ واپسی ایم کیو ایم کی واضح پارٹی پالیسی ہے۔ ان کے بقول وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں پارٹی نے واضح کیا تھا کہ اگر گورنرشپ سمیت طے شدہ معاملات پر عمل نہ ہوا تو ایم کیو ایم حکومت چھوڑ کر اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ بھی کر سکتی ہے۔فاروق ستار نے کہا کہ مذاکرات کے دوران انہوں نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا تھا کہ اگر اتحاد برقرار نہ رہ سکا تو ایم کیو ایم بھی اسی طرح اپوزیشن میں بیٹھ سکتی ہے جیسے ماضی میں پاکستان پیپلز پارٹی بعض اوقات اتحادی حکومت سے الگ ہو کر اپنا کردار ادا کرتی رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کامران ٹیسوری کو گورنر سندھ کے عہدے سے ہٹانے کی کوئی معقول وجہ موجود نہیں تھی۔

بعد ازاں انہیں یہ جواز دیا گیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا اصرار تھا کہ سندھ میں مسلم لیگ (ن) کا گورنر تعینات کیا جائے۔ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ اگر پارٹی سندھ کی گورنرشپ بھی برقرار نہ رکھ سکے تو ووٹرز اور کارکنان قیادت سے سوال کریں گے، اس لیے پارٹی اس معاملے پر اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ “سندھ کی گورنرشپ واپس لیں گے، بصورت دیگر اپوزیشن میں بیٹھیں گے، یہی ایم کیو ایم کا فیصلہ اور مؤقف ہے۔”

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں