کراچی (رپورٹنگ آن لائن) وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت صوبے کے تمام سرکاری ملازمین کے مسائل حل کرنے کے لئے سنجیدہ ہے۔ ملازمین کے گروپ انشورنس، بینولینٹ فنڈ، پرموشن سمیت تمام مسائل کے حل کے لئے ملازمین کی تنظیموں کی مشاورت سے اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) کے چیئرمین سندھ ٹھاکر ذوالفقار قائم خانی کی قیادت میں آنے والے وفد سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر ایپکا سندھ کے صدر رفیق احمد جتوئی، جنرل سیکرٹری اشرف خان بوزئی، سینئر نائب صدور خالد راجپوت، نثار احمد عاربانی، سید نعیم شاہ، سعید شیخ، عباس چانڈیو، راشد اقبال و دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ چیئرمین سندھ ایپکا ٹھاکر ذوالفقار قائم خانی نے اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی کو سندھ بھر کے سرکاری ملازمین کو درپیش مسائل بالخصوص گروپ انشورنس، بینولینٹ فنڈ کی رقم بوقت ریٹائرمنٹ ادائیگی، تمام اداروں میں سینیارٹی لسٹوں کا میرٹ پر اجرا، اور گریڈ 1 سے 4 کے کولیفائیڈ ملازمین کو سینیارٹی کے ذریعے جونیئر کلرک کے عہدے پر پرموشن دئیے جانے جبکہ اکائونٹس کلرک کی پوسٹ کو گریڈ 9 سے 15 گریڈ میں اپ گریڈ سمیت دیگر کی درخواست کی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی نے وفد کو یقین دلایا کہ سندھ حکومت صوبے کے تمام ملازمین کے مسائل حل کرنے کے لیے سنجیدہ ہے اور اس سلسلے میں سندھ کابینہ میں بھی ان تمام پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ ہماری موجودہ سندھ حکومت سرکاری ملازمین کے مسائل کے حل کے لئے تمام اداروں کے وزراء سے رابطے میں ہے اور آپ لوگوں کو اعتماد میں لے کر فیصلے کئے جائیں گے۔ سعید غنی نے مزید کہا کہ ہم پورے سندھ کے سرکاری ملازمین کے مسائل کو ترجیحی بنیاد پر حل کریں گے۔









