محمد بن سلمان

سعودی ولی عہد نے نیوم میں”جزیرہ سندالہ” منصوبے کا اعلان کر دیا

ریاض (رپورٹنگ آن لائن) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے نیوم میں سمندری سیاحت کیلئے جزیرہ سندالہ منصوبے کا اعلان کر دیا ہے۔سعودی عرب کے میڈیا کے مطابق جزیرہ سندالہ لگڑری سمندری سیاحت کا نمایاں مرکز ہوگا۔ جو بحیرہ احمر میں سیر وسیاحت کا اہم ترین دروازہ اور سیاحوں کو بہترین تفریحی مواقع فراہم کرے گا۔ یہ بھی توقع کی جارہی ہے کہ سندالہ جزیرہ 2024 کے شروع میں سیاحوں کیلئے کھول دیا جائے گا۔اس حوالے سے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ سندالہ منصوبہ نیوم منصوبے میں تیز رفتار ترقی کا عکاس ہے جس کے ذریعہ ہمارے وژن 2030 کے مطابق سیاحتی امنگوں کو پورا کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جزیرہ بحیرہ احمر کا سیاحتی مرکز اور لگڑری یاٹ کلب کی موجودگی میں دنیا بھر میں سمندری سیاحت کا منفرد مقام ہوگا۔

خیال رہے کہ سندالہ بحیرہ احمر میں واقع 840 ہزار مربع میٹر کے رقبے کا جزیرہ ہے جسے سیاحتی مرکز بنانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ یہ جریزہ سمندری سیاحت کیلئے دنیا بھر میں منفرد حیثیت رکھتا۔ یہ منصوبہ سعودی عرب کو سمندری سیاحت کا اہم مرکز بھی بنا دے گا۔واضح رہے جزیرہ سندالہ منصوبے میں لگڑری یاٹ کلب کے علاوہ 413 کمرے اور 333 فرنشڈ اپارٹمنٹ ہوں گے۔ جزیرہ میں عالمی شہرت یافتہ ریستوران اور کافے شاپس کا افتتاح کیا جائے گا۔ متعدد شاپنگ مالز کے علاوہ 6474 یارڈ پر مشتمل اعلیٰ معیار کا گالف کورس ہوگا۔ یہ بھی امید ظاہر کی جا رہی کہ منصوبے کی وجہ سے 3500 اسامیاں بھی پیدا ہوں گی۔