کراچی (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے آرمی راکٹ فورس کمانڈ کو فتح-2 میزائل سسٹم کے کامیاب تجربے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی فورسز کی شاندار کامیابیوں نے ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا ہے۔وزیراعلی سندھ نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ فتح-2 میزائل سسٹم کا کامیاب تجربہ پاکستان کے دفاعی نظام میں ایک اہم سنگِ میل ہے، جس سے ملک کی دفاعی صلاحیت مزید مستحکم ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر چیلنج سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں اور وطن عزیز کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ترجمان وزیراعلی ہاس کے مطابق سید مراد علی شاہ نے پاک آرمی، سائنسدانوں اور انجینئرز کو اس شاندار کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملکی دفاع کو مضبوط بنانے میں افواج پاکستان، ماہرین اور تکنیکی اداروں کا کردار قابلِ فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور قومی سلامتی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔
وزیراعلی سندھ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو مضبوط سے مضبوط تر بنایا جائے گا اور ملکی دفاع، ترقی اور استحکام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ ایسے کامیاب تجربات سے نہ صرف دشمن پر واضح پیغام جاتا ہے بلکہ قوم کے اعتماد اور حوصلے میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی پاکستان کو ہمیشہ محفوظ رکھے اور ترقی کی راہ پر گامزن رکھے۔









