سعید غنی 39

ہمارا ہر منتخب نمائندہ بلا کسی تعصب کے عوامی خدمت پر یقین رکھتا ہے،سعید غنی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ و صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور صاف اور واضح ہے کہ ہمارا ہر منتخب نمائندہ بلا کسی تعصب کے عوامی خدمت پر یقین رکھتا ہے۔

پی ایس 105 منظور کالونی سے تعلق رکھنے والی مختلف سیاسی جماعتوں کی خواتین عہدیداران و کارکنان کو پیپلز پارٹی میں شمولیت پر تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز منظور کالونی کی مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کے وفد جس کی قیادت نبیا ظہور اور اکرم مغل نے کی ان سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں حلقہ پی ایس 105 میں منظور کالونی اور اطراف کے علاقوں میں جاری مختلف ترقیاتی اسکیموں، ان علاقوں کے مسائل سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر نبیا ظہور سمیت آنے والی دیگر خواتین نے اپنی تمام ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ شامل ہونے والی خواتین کا تعلق ماضی میں مختلف سیاسی جماعتوں سے رہا ہے اور وہ جماعتوں میں اہم عہدوں پر تعینات بھی رہی تھی۔ نبیا ظہور نے اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی کی جانب سے حلقہ پی ایس 105 اور بالخصوص منظور کالونی میں ریکارڈ ترقیاتی کاموں، پانی، سیوریج اور روڈ نیٹ ورک کے کاموں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر سعید غنی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور صاف اور واضح ہے کہ ہمارا ہر منتخب نمائندہ بلا کسی تعصب کے عوامی خدمت پر یقین رکھتا ہے۔ آج مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ خواتین کی بڑی تعداد میں پیپلز پارٹی میں شمولیت اس بات کی دلیل ہے کہ ہم عوامی فلاح اور عوام کی بھلائی پر عمل پیرا ہیں ۔ سعید غنی نے تمام شامل ہونے والی خواتین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے پیپلز پارٹی پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر وہ ان کے مشکور ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں