اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ اپنے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور وہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی، تعلیمی، دفاعی اور عوامی سطح پر تعاون کے مزید فروغ کیلئے پرعزم ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں وزارت خارجہ میں سری لنکا کے نیشنل ڈیفنس کالج کے ایک اعلی سطح کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا جو اپنے مطالعاتی غیر ملکی دورے کے سلسلے میں پاکستان آیا ہوا ہے۔ ملاقات میں وفد کو پاکستان کی خارجہ پالیسی، خطے کو درپیش چیلنجز اور علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کے موقف کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
سینیٹر اسحاق ڈار نے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کے دورے کو دونوں ممالک کے درمیان باہمی روابط اور فہم و ادراک کے فروغ کیلئے اہم قرار دیا۔ انہوں نے وفد کے لیے پاکستان میں کامیاب اور مفید قیام کی نیک تمنائوں کا اظہار بھی کیا۔ نائب وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان، سری لنکا کے ساتھ اپنی دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی، تعلیمی، دفاعی اور عوامی سطح پر تعاون کے مزید فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ایسے تبادلہ جاتی دورے دونوں دوست ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔
٭٭٭٭٭









