لاہور(رپورٹنگ آن لائن)واپڈا ٹاؤن کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی شیخوپورہ مسائل کا گڑھ، ناقص سیکیورٹی کی وجہ سے شہری پریشان ہیں۔ سرکل رجسٹرار شیخوپورہ اور منیجمنٹ کمیٹی کے سابق سیکرٹری نے پراپرٹی ڈیلرز کے ساتھ مل کر سوسائٹی کی سیکیورٹی پر سوالیہ نشان کے ساتھ لگ گیا جبکہ سوسائٹی میں اوپن فائلز کی فروخت سے کروڑوں روپے کمانے کا انکشاف ہوا ہے۔ جن کے خرید کنندہ موجود ہیں مگر فروخت کرنے والوں کا ریکارڈ ہی موجود نہیں ہے۔ کمیٹی کے سابق صدر، نائب صدر اور فنانس سیکرٹری کی طرف سے مسائل کی نشاندھی پر سرکل رجسٹرار نے سیکرٹری کوآپریٹو کی طرف سے سرکل رجسٹرار کا شوکاز معطل کرنے کے باوجود سرکل رجسٹرار شیخ یوسف نے منتخب کمیٹی کو معطل کر کے ایڈمنسٹریٹر تعینات کر دیا۔ سوسائٹی میں ناقص سیکیورٹی پر محکمہ داخلہ کی طرف سے رجسٹرڈ سیکیورٹی کمپنی سے سیکیورٹی لانے پر سوسائٹی صدر نے رجسٹرڈ کمپنی سے معاہدہ کیا جس کو سرکل رجسٹرار اور سوسائٹی سیکرٹری نے معطل کر کے خود ساختہ کمپنی کا انتخاب کیا، جس پر محکمہ داخلہ کے ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ نے سرکل رجسٹرار اور سابق سیکرٹری کو زمہ دار ٹھہرایا۔

ذرائع کے مطابق سرکل رجسٹرار نے کمیٹی کی کوتاہیوں پر منیجمنٹ کمیٹی کو شوکاز نوٹس جاری کیا جس کو سیکرٹری کوآپریٹو نے معطل کر دیا، جس پر سوسائٹی ممبر اور پراپرٹی ڈیلر غلام مرتضی نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ، جہاں شنوائی شروع ہونے سے قبل سرکل رجسٹرار نے منتخب باڈی کو ختم کرکے سوسائٹی کے انتظامی امور محکمانہ کنٹرول میں لے لئے۔ سرکل رجسٹرار کی من مانیوں پر سیکرٹری کوآپریٹو پنجاب نے کل بتاریخ سات جون کو شیخ یوسف اور سوسائٹی کی سابق کمیٹی کو طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق واپڈا ٹاؤن کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی شیخوپورہ جو کہ 18 مربع زمین پر مشتمل ہے اور 3838 ممبران ہیں وہاں سنگین باصابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، جس کے مبینہ طور پر زمہ دار سرکل رجسٹرار شیخ یوسف اور وہاں کے سیکرٹری رانا ریاض ہے، جو وہاں پر پراپرٹی ڈیلرز کے ساتھ من مانیاں کرتے تھے، جس پر منتخب صدر سوسائٹی، نائب صدر اور فنانس سیکرٹری نے روکنے کی کوشش کی اور نتیجتاً ان کو بے دخل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سوسائٹی کی سیکیورٹی نہ ہونے کی وجہ سے وہاں پر مقیم لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے،
ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ محکمہ داخلہ کی رپورٹ کے مطابق جہاں پر معاملے کی مکمل چھان بین کے بعد انکوائری رپورٹ میں سرکل رجسٹرار شیخ یوسف اور سوسائٹی سیکرٹری رانا ریاض کو زمہ دار ٹھہرا کر سیکرٹری کوآپریٹو کو سفارش کی گئی کہ ان کے خلاف کارروائی کی جائے مگر محکمے کی طرف سے کارروائی عمل میں نہ لائی گئی۔

اس حوالے سے سرکل رجسٹرار شیخ یوسف نے بتایا کہ محکمہ داخلہ کی رپورٹ پر ڈی پی او شیخوپورہ نے انکوائری کی ہے، جس میں منیجمنٹ کمیٹی الزامات ثابت نہیں کر سکی۔ منیجمنٹ کمیٹی سوسائٹی کے انتظامی امور چلانے میں ناکام رہی ہے، جس پر ان کو معطل کر سوسائٹی میں ایڈمنسٹریٹر تعینات کیا ہے۔ میرا شوکاز سیکرٹری کوآپریٹو نے معطل کیا تھا، مگر کیس ہائیکورٹ جانے کے بعد موجودہ باڈی کو ختم کیا۔









