سردار ایاز صادق 26

سردار ایاز صادق کی چمن ریلوے کراسنگ کے قریب دھماکے کی شدید مذمت

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چمن ریلوے کراسنگ کے قریب ہونے والے المناک دھماکے کی شدید مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں کئی معصوم جانوں کا ضیاع ہوا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس دلخراش سانحے سے متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑی ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا ایک شرمناک اور بزدلانہ فعل ہے جو انسانیت کے اصولوں اور تمام مذاہب کی تعلیمات سے متصادم ہے۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کی ایسی گھناؤنی کارروائیاں قوم کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں ، پاکستان امن، استحکام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

سرادر ایاز صادق نے اس بات پر زور دیا کہ قوم دہشت گردی کو اس کی تمام شکلوں اور مظاہر میں ختم کرنے کی کوششوں میں اپنی مسلح افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی رہے گی۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کے درجات بلند فرمائے، زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے اور متاثرہ خاندانوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں