سردار ایاز صادق 10

سردار ایاز صادق کا یومِ شہدا کے موقع پر وطن کی خاطر عظیم قربانیاں دینے والوں کو خراج عقیدت

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یومِ شہدا کے موقع پر اپنے پیغام میں وطن عزیز کے دفاع، سلامتی اور استحکام کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ پوری قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے شہدا نے دہشت گردی، انتہاپسندی اور بیرونی خطرات کے خلاف بے مثال جرات، عزم اور قربانی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کی مشترکہ قربانیوں کی بدولت ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ملک میں امن قائم ہوا۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ حالیہ برسوں میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عام شہریوں نے جو قربانیاں دی ہیں، وہ قومی تاریخ کا ناقابلِ فراموش حصہ ہیں۔

انہوں نے بلوچستان، خیبر پختونخوا اور دیگر متاثرہ علاقوں میں دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم شہدا کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے صبر و استقامت کو سلام پیش کرتی ہے۔سپیکر نے کہا کہ شہدا کا خون ہماری قومی آزادی، خودمختاری اور استحکام کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم شہدا کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے وطن کے دفاع، اتحاد اور ترقی کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، تاہم اگر وطن پر کسی بھی قسم کی جارحیت مسلط کی گئی تو پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہو کر دشمن کے ہر ناپاک عزائم کو ناکام بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی اور شہدا کی قربانیوں کا احترام ہی پاکستان کی اصل طاقت ہے۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ شہدا ہمیں ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کی بدولت آج پاکستان محفوظ اور مستحکم ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور ان کے مشن کی تکمیل کے لیے متحد رہے گی۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے شہدا کی درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں