گورنر سندھ 8

روایتی تعلیم کے ساتھ ٹیکنیکل، ووکیشنل اور ڈیجیٹل مہارتوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے،گورنر سندھ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے “نوجوانوں کے ہنر کے عالمی دن” کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ نوجوانوں کو جدید ہنر سے آراستہ کرکے ہی پاکستان کو معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہنرمند نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل ہیں، اس لیے روایتی تعلیم کے ساتھ ٹیکنیکل، ووکیشنل اور ڈیجیٹل مہارتوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ گورنر ہاؤس سندھ میں اسکولوں کی گرمیوں کی تعطیلات کے دوران بچوں کے لیے اے آئی سمر کیمپ کا آغاز کیا گیا ہے، جسے کامیابی سے مکمل کرنے والے بچوں میں اسناد بھی تقسیم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے جدید آئی ٹی کورسز، آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI)، کوڈنگ اور دیگر اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرامز بھی مسلسل جاری ہیں تاکہ انہیں عالمی معیار کی مہارتوں سے آراستہ کیا جا سکے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اسکلز پر توجہ دیں تاکہ عالمی مارکیٹ میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکیں۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ صوبہ سندھ کے نوجوانوں کو مکمل میرٹ کی بنیاد پر جدید ترین تکنیکی مہارتیں فراہم کی جا رہی ہیں،

جبکہ ہنرمند نوجوانوں کو خود کفیل بنانے کے لیے کاروبار اور روزگار کے بہتر اور آسان مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہنر سیکھنے سے نہ صرف بے روزگاری میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ ملکی برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا، جس سے قومی معیشت مزید مستحکم ہوگی۔ گورنر سندھ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت نوجوانوں کی سرپرستی، انہیں بااختیار بنانے اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں