فیصل آباد/تاندلیانوالہ( رپورٹنگ آن لائن)سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پسماندہ دیہی علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بہتری، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور خصوصاً نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات ناگزیر ہیں،بلدیاتی انتخابات سے قبل دیہی علاقوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بلدیاتی نظام میں موثر اصلاحات کی جائیں تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آ سکیں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار حلقہ این اے 97 کے طویل دورے کے دوران علاقہ عمائدین، کسانوں، تاجروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقاتوں میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ دہائیوں سے پھیلی محرومیوں کا خاتمہ اور حلقے کی تعمیر و ترقی ہماری سیاسی جدوجہد کا بنیادی مقصد ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔انگریز دور سے حلقے کی نمائندگی کرنے والوں نے عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی ضروریات پر توجہ نہیں دی،
اب عوام باشعور ہو چکے ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ کون حقیقی معنوں میں ان کے مسائل کے حل اور علاقے کی ترقی کے لیے کوشاں ہے۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ عوام کے دکھ درد میں شریک ہونا اور ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی جدوجہد کرنا ہی ہماری سیاست کا محور ہے۔سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان حلقے میں انتقال کر جانے والوں کی رہائشگاہوں پر بھی گئے اور ورثاء سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔









