اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ حکومت ڈسکوزکی نجکاری کے عمل کو تیز کر رہی ہے جس میں یورپی کمپنیوں کے لیے پرکشش مواقع موجود ہیں۔پیر کو وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے یورپی یونین کے دورہ پاکستان کرنیوالے وفد نے ملاقات کی ، وفاقی وزیر نے انہیں پاور سیکٹر میں جاری جامع اصلاحات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے اس ضمن چار اہم اقدمات پر روشنی ڈالی اور ملک میں جاری نجکاری اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں یورپی سرمایہ کاروں کی شرکت کی دعوت بھی دی۔سردار اویس احمد خان لغاری نے بتایا کہ پاور ڈویژن نے قومی گرڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کو اولین ترجیح دی ہے، جس کے تحت سمارٹ میٹروں کی بڑے پیمانے پر تنصیب، ٹرانسمیشن لائنوں کی توسیع اور اپ گریڈیشن، بڑے پیمانے پر بیٹری اسٹوریج سسٹم کا انضمام، اور پاور سیکٹر کے آلات کی مقامی طور پر تیاری پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید آگاہ کیا کہ حکومت بجلی تقسیم کار کمپنیوں(ڈسکوز)کی نجکاری کے عمل کو تیز کر رہی ہے، جس میں یورپی کمپنیوں کیلئے پرکشش مواقع موجود ہیں۔سردار اویس احمد خان لغاری نے دیگر اصلاحات کا بھی ذکر کیا، جن میں پرانے اور غیر موثر آر ایف او (ریذیوئل فیول آئل)پر چلنے والے پاور پلانٹس کی فروخت شامل ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ آئی جی سی ای پی سے تقریبا 7ہزارمیگاواٹ کے مہنگے اور پابند پاور پلانٹس کو خارج کرکے پاکستان نے 17ارب ڈالر کی قابلِ ذکر بچت حاصل کی ہے۔یورپی یونین کے وفد میں تھرایا تریمو، ڈائریکٹر یورپی انویسٹمنٹ بینک، راموناس کاروبلیس، یورپی یونین کے سفیر برائے پاکستان، اور دیگر معزز اراکین شامل تھے۔ وفد نے پاور ڈویژن کی جانب سے شروع کی گئی اصلاحات کو بھرپور سراہتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے سرمایہ کاری کا ماحول نمایاں طور پر بہتر ہوا ہے، جس کے نتیجے میں متعدد یورپی سرمایہ کار اب پاکستان کے پاور شعبے کے مختلف منصوبوں میں مالی تعاون اور عملی شرکت کرنا چاہیں گے۔









