محمد جاوید قصوری 13

حکمران عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن )امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی، کرپشن اور اداروں میں موجود کالی بھیڑوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، حکمران عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں،

جبکہ رشوت ستانی اور اقربا پروری نے ریاستی اداروں کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا ہے،عام آدمی اپنے جائز کام کے لیے بھی دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہے، لیکن اس کی داد رسی کرنے والا کوئی نہیں۔انہوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی کسی بھی مہذب معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے، مگر افسوس کہ آج ملک میں لا قانونیت کا راج ہے۔ جرائم پیشہ عناصر دندناتے پھر رہے ہیں جبکہ دیانت دار شہری خود کو غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں۔ اداروں میں بیٹھے چند کرپٹ عناصر اپنی ذاتی مفادات کے لیے عوام کا استحصال کر رہے ہیں، جس کے باعث عوام کا سرکاری نظام پر اعتماد متزلزل ہو چکا ہے۔

اگر احتساب کا عمل بلاامتیاز نہ کیا گیا تو مسائل مزید سنگین صورت اختیار کر جائیں گے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ عوام کے حقوق کی جنگ لڑتی آئی ہے اور ہر فورم پر مظلوم اور پسے ہوئے طبقات کی آواز بلند کی ہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک سے کرپشن، رشوت ستانی اور نااہلی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ عوام کو سستی بجلی، تعلیم، صحت اور روزگار کی فراہمی ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، مگر موجودہ حکمران اپنی ترجیحات درست کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل اور ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف 7 اگست کو ملک گیرپہیہ جام احتجاج کرے گی۔ اس احتجاج کا مقصد عوام کی آواز ایوانوں تک پہنچانا اور حکمرانوں کو یہ احساس دلانا ہے کہ قوم مزید ظلم، مہنگائی، بدعنوانی اور نااہلی برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں۔ انہوں نے عوام، تاجروں، مزدوروں، کسانوں، طلبہ اور تمام مکاتب فکر سے اپیل کی کہ وہ اس پرامن احتجاج میں بھرپور شرکت کریں تاکہ کرپشن کے خاتمے، قانون کی حکمرانی، شفاف نظام اور عوامی حقوق کے حصول کے لیے ایک مضبوط اور متحد آواز بلند کی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں