محمد جاوید قصوری 13

تین سالوں کے لئے پٹرول ،ڈیزل کی قیمت 225روپے فی لیٹر فکس کی جائے ‘جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اتار چڑھاؤ اور قیمتوں کے تعین کے حکومتی فیصلے کو نادانستہ، ناقابل فہم اور عوام دشمن قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے،حکومت پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی، بجلی و گیس کے بھاری بلوں اور معاشی بے یقینی کے ذریعے عوام کے مسائل میں اضافہ کر چکی ہے، ایسے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو روزانہ کی بنیاد پر تبدیل کرنے کا فیصلہ عوام کو مزید ذہنی اذیت اور معاشی مشکلات سے دوچار کرنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایک طرف حکومت نے ملک میں مسائل کے انبار لگا رکھے ہیں جبکہ دوسری جانب حکومتی ٹولہ مافیا کے ساتھ مل کر عوام کو لوٹنے کے لیے نت نئے فارمولے قوم کے سامنے لا رہا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے، جس کے براہ راست اثرات ٹرانسپورٹ، اشیائے خورونوش، بجلی، زراعت اور صنعت سمیت زندگی کے ہر شعبے پر مرتب ہوں گے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مجموعی طور پر تقریباً 31 روپے تک اضافہ عوام کی قوت خرید پر کاری ضرب ہے۔

پہلے ہی مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے، لاکھوں خاندان دو وقت کی روٹی، بچوں کی تعلیم، علاج معالجے اور بجلی کے بلوں کے درمیان پس رہے ہیں۔ اب ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کی نئی لہر کو جنم دے گا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کے پاس عوام کو ریلیف دینے کے لیے کوئی واضح اور مؤثر معاشی ایجنڈا نہیں۔ حکمران اشرافیہ اپنی مراعات اور عیاشیوں میں کمی کرنے کے بجائے ہر مشکل کا بوجھ غریب عوام پر ڈال رہی ہے۔

ملک کو مصنوعی فیصلوں، قرضوں اور عوام پر نئے ٹیکسوں کے ذریعے نہیں بلکہ حقیقی معاشی اصلاحات، کرپشن کے خاتمے، مافیا کے خلاف کارروائی اور عوام دوست پالیسیوں کے ذریعے بحران سے نکالا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو واپس لے، عوام کو فوری ریلیف فراہم کرے ۔جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ تین سالوں کے لئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت 225روپے فی لیٹر فکس کی جائے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں