راولپنڈی (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ونشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔
مسلم لیگ (ن) کی سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی محترمہ طاہرہ اورنگزیب اور وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری کی زیر قیادت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس، راولپنڈی میں منعقد ہوا۔اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ضلع بھر میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے اور ان کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ اجلاس میں راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے علاوہ مختلف سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے اپنے اپنے شعبوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔اس موقع پر بیرسٹر دانیال چوہدری نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں ضلع راولپنڈی میں جاری ترقیاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم، صحت، صفائی اور دیگر بنیادی شعبوں میں بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے نئے تعلیمی و صحت مراکز کے قیام، ہسپتالوں کی تعمیر، اسکولوں کی اپ گریڈیشن اور سپیشل نیڈ طلبہ کے لیے اسکول بسوں کی فراہمی کو عوامی فلاح کے اہم اقدامات قرار دیا۔
انہوں نے عوامی مسائل کے فوری حل اور بنیادی سہولیات کی نچلی سطح تک فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔بیرسٹر دانیال چوہدری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومتی وڑن کے مطابق ضلع راولپنڈی کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔









