مرتضیٰ وہاب 16

بلاول بھٹو کے کشمیر مؤقف پر ن لیگ نے بلاجواز تنقید کی، مرتضیٰ وہاب

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کشمیر کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے منشور کی بات کر رہے تھے لیکن ن لیگ کے لوگوں نے الزامات عائد کرنا شروع کر دیے۔

سائٹ صنعتی علاقے میں ترقیاتی کاموں کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب اور میڈیا ٹاک کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے عمران خان کے دور کا سامنا کیا ہے، جب وہ لوگ نہیں تھے تب بھی پیپلز پارٹی اقتدار میں تھی، جب ہم تحریک عدم اعتماد لا رہے تھے اگر چاہتے تو خود وزیراعظم بن جاتے لیکن ہم نے جمہوری عمل پر فیصلہ کیا کہ زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی جماعت کا وزیراعظم ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ دو ارب روپے کی لاگت سے سائٹ ایسوسی ایشن کے انفرا اسٹرکچر کی بہتری کے کاموں کا آغاز ہو رہا ہے، جن میں سڑکوں کی بحالی، ڈرینیج اور دیگر ترقیاتی کام شامل ہیں۔ سندھ حکومت کی جانب سے تاجر برادری کے لیے یہ خصوصی پیکیج دیا گیا ہے، جس پر عملی کام کا آغاز ہو چکا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ معاملات کو شفاف رکھنے اور کاموں کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کرنے کے لیے تمام رقم ایسوسی ایشن کے ڈسپوزل پر دے دی گئی ہے۔ رقم موجود ہے، اب کام شروع کرنا اور اسے تیزی سے مکمل کرنا ایسوسی ایشن کی ذمہ داری ہے۔ تاجر برادری شہر اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے، انہیں بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں تاجروں اور شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرے گی۔ مئیر کراچی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے شہر کے تمام صنعتی زونز کے لیے سوا 9ارب روپے کا پیکیج جاری کیا جس میں سے سائٹ ایسوسی ایشن کو جاری ہونے والے 2ارب روپے کا یہ منصوبہ آج شروع کیا گیا ہے، ٹھیکیدار چھ ماہ کا تخمینہ بتا رہے ہیں، تاہم یہ کام 4 ماہ میں مکمل ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی قیادت میں پانی واٹر پارک کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں۔ یہ واٹر پارک روزانہ 35 ایم جی ڈی پانی کو ٹریٹ کرے گا جبکہ دسمبر تک اس میں مزید 65 ایم جی ڈی کا اِضافہ کریں گے۔ صنعتی علاقوں میں پانی کی فراہمی میں ایک پائلٹ پراجیکٹ لانچ کرنے جا رہے ہیں۔

مرتضٰی وہاب نے کہا کہ کے ایم سی نے 70ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا ہے، کراچی کی ترقی کے لیے 300ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ ہے جبکہ 13ارب 50کروڑ روپے کے فنڈز شہر کے 138 سڑکوں کی بحالی کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ ان سڑکوں کے ٹینڈرز کل جاری ہوں گے اور اسی سال کے اختتام تک سڑکوں کا کام مکمل کیا جائے گا۔

قبل ازیں زبیر موتی والا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سائٹ ایسوسی ایشن نے 2ارب روپے کے پراجیکٹ کی آج بنیاد رکھی ہے۔ سندھ حکومت کے شکر گزار ہیں۔ 5ارب روپے کے دیگر منصوبے بھی سائٹ ایریا میں چل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مرتضیٰ وہاب سیس کو 1.85 سے کم کر کے 0.85فیصد پر لانے میں معاون تھے۔ سیس کی مد میں وسیع فنڈ موجود ہے جسکا ٹی او آر بنانے کی ضرورت ہے۔ میئر کراچی نے کراچی بائے پاس کے حوالے سے کام کرنے کا وعدہ کیا ہے اور ہر ماہ سائٹ ایسوسی ایشن کا دورہ کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے۔تقریب سے جاوید بلوانی، عبدالرحمن فدا ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں