'بلیغ الرحمان

باہمی اختلافات بھلا کر ایک قوم بن کر سوچیں ،وطن کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں’بلیغ الرحمان

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ 23مارچ کا دن ہمارے آبا اجداد کی ایک علیحدہ ملک کے لیے تاریخی جدوجہد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ 23مارچ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جب اچھے کام کے لئے مصمم ارادہ کر لیا جائے اور محنت اور لگن سے اسے حاصل کرنے کی جستجو کی جائے تو کچھ بھی ناممکن نہیں، یہ دن ہمارے آبا اجداد کی ایک علیحدہ ملک کے لیے تاریخی جدوجہد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قرارداد پاکستان پاس ہونے کے تقریبا ساڑھے 7 سال میں پاکستان کا قیام قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت اور پاکستان مسلم لیگ کے عمائدین اور عوام کا ان پر یقین اور جذبے کا پتا دیتی ہے، ہمیں اس عظیم جدوجہد اور قربانیوں کے نتیجے میں حاصل کیے جانے والے ملک کو عظیم تر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ یہ اس لیے ضروری ہے تاکہ نہ صرف ہماری آنے والی نسلوں بلکہ پوری دنیا کی بہتری میں پاکستان ایک نمایاں کردار ادا کر سکے، آئیے باہمی اختلافات بھلا کر ایک قوم بن کر سوچیں اور وطن کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔