پاکستان 27

اماراتی نیوکلیئر پلانٹ پر حملہ خطرناک، جوہری تنصیبات کو نشانہ نہ بنایا جائے، دفتر خارجہ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے براکہ نیوکلیئر انرجی پلانٹ پر ہونے والے ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، پاکستان متحدہ عرب امارات کی برادر عوام اور حکومت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق جوہری تنصیبات کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون، بین الاقوامی انسانی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے قوانین و قراردادوں میں درج جوہری تحفظ اور سلامتی کے بنیادی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جوہری تنصیبات کو کسی بھی حالت میں نشانہ نہیں بنایا جانا چاہئے، اس قسم کی غیر ذمہ دارانہ کارروائیاں انسانی جانوں، ماحولیات اور علاقائی و عالمی امن و سلامتی کے لیے تباہ کن اور ناقابلِ تلافی نتائج کا باعث بن سکتی ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ شہری جوہری انفراسٹرکچر کے تحفظ اور اس کی حرمت کو بین الاقوامی سطح پر ایک مسلمہ اصول کی حیثیت حاصل ہے، جسے ہر صورت برقرار رکھا جانا چاہئے۔

پاکستان نے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں، بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہوں۔

بیان میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کے مطابق مذاکرات اور سفارتکاری ہی خطے میں دیرپا امن، استحکام اور کشیدگی میں کمی کا واحد قابلِ عمل راستہ ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں