شہباز شریف 7

وزیراعظم کا شمالی وزیرستان میں کامیاب پر آپریشن فورسز کو خراج تحسین اور شہداء کو خراج عقید ت

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر اظہارِ تحسین اورآپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اپنے بیان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقوں میر علی، دتہ خیل اور گردونواح میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 16 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔وزیراعظم نے آپریشن کے دوران وطنِ عزیز کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ضلع صوابی سے تعلق رکھنے والے حوالدار عصمت علی اور ضلع مردان سے تعلق رکھنے والے نائیک آفتاب علی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے بہادر جوانوں کی عظیم قربانیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک کے امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور کامیابیاں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ پوری قوت، عزم اور ثابت قدمی سے جاری رہے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ عزمِ استحکام کے وژن کے تحت دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پوری قوم اور تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں