خواجہ سعد رفیق 9

بنیادی اصلاحات کے بغیر چھوٹے انتظامی یونٹس، گڈ گورننس کی بجائے نئی بادشاہتوں ،سلطنتوں کو جنم دینگے، سعد رفیق

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ آئین ،قانون ،انصاف ، جمہوری اصولوں کی رو گردانی اور ہر مسئلے کے حل کے لئے محض طاقت کا استعمال ، عام آدمی کو فائدہ پہنچا سکتا ہے نہ فرسودہ ریاستی نظام کو درست کر سکتا ہے ،ان قباحتوں کو دور کیے بغیر سسٹم کی اصلاح ممکن ہو گی نہ کوئی ری سیٹ کام آئے گا۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں سعد رفیق نے کہا کہ آئین کی مکمل پاسداری اور اس میں تجاوزات کا خاتمہ ، شفاف انتخابات کی مکمل ضمانت ، غیر جمہوری مداخلت کی روک تھام ، موروثی اور طاقتور طبقات کی سیاست کو مڈل کلاس تک منتقل کرنے کے نئے سیاسی نظام کی تشکیل ، سیاسی جماعتوں میں داخلی جمہوریت کے احیا ، بااختیار بلدیاتی نظام حکومت ، اختیار و اقتدار کی نچلی سطح تک منتقلی ، سول سروس کی ری سٹرکچرنگ ، عدالتی اصلاحات کے ذریعے بااختیار ذمہ دار اور غیر جانبدار نظام ِ عدل کا قیام پاکستان کو لاحق بیماریوں کا اصل علاج ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بنیادی اصلاحات کئے بغیر بنائے جانے والے چھوٹے انتظامی یونٹس، گڈ گورننس کی بجائے نئی بادشاہتوں اور سلطنتوں کو جنم دیں گے اورہم ایک دہائی بعد بھی یہیں کھڑے آگے جانے کا راستہ تلاش کر رہے ہوں گے۔سعد رفیق نے کہا کہ ریاست کو درپیش بحرانوں سے نکالنے کے لئے اصل مرض کی تشخیص اور اس کا علاج کیے بغیر نئے تجربات کرنا ہمیشہ اچھے اقدامات کو بھی متنازعہ بنا دیتا ہے۔

قومی زندگی اور ملکی ترقی کی ترجیحات طے کرنا سیاسی جماعتوں اور پارلیمنٹ کا کام ہے جبکہ اس عمل میں ریاستی اداروں کی ان پٹ بھی نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے برائے نام (محبوب) جمہوری ادارے قومی پالیسیوں ، قانون سازی اور ریاستی نظام کو تشکیل دینے کی ذمہ داری سول بیوروکریسی اور اسٹیبلشمنٹ کے سپرد کر کے خود فکر وعمل کے جھنجھٹ سے بے نیاز اقتدار کی کشمکش اور بھول بھلیوں میں الجھے رہ کر اپنا وقت پورا کر تے رہتے ہیں، اب انہیںکون سمجھائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں