سندھ ہائی کورٹ

بابرغوری کیخلاف خفیہ انکوائریوں کی مکمل تفصیلات طلب

کراچی (رپورٹنگ آن لائن ) سندھ ہائی کورٹ نے ایم کیوایم کے رہنما بابرغوری کیخلاف خفیہ انکوائریوں اورانوسٹی گیشنزکی مکمل تفصیلات طلب کرلیں۔ سندھ ہائی کورٹ میں ایم کیوایم رہنما بابرغوری کے خلاف جاری خفیہ انکوئریوں اور انوسٹی گیشن کے معاملے پرسماعت کے دوران عدالت نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے رپورٹ طلب کرلی۔

عدالت نے سابق وفاقی وزیربابرغوری کے خلاف جاری خفیہ انکوائریوں اور انوسٹی گیشنز کی مکمل تفصیلات طلب کرتے ہوئے فریقین کو 4 اکتوبر کو تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ جسٹس کے کے آغا نے پوچھا درخواست گزار اس وقت کہاں ہے؟ شبیر شاہ ایڈووکیٹ نے جواب دیا کہ وہ اس وقت دبئی میں ہیں۔ عدالت نے کہا کہ بابرغوری کو عدالت میں پیش ہونا چاہیے تھا۔

وکیل درخواست گزار شیرشاہ ایڈووکیٹ نے جواب دیا کہ بابرغوری جب کراچی ائیرپورٹ پہنچے تو انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے گرفتاری کے تین دن بعد باہرغوری کو بے گناہ قرار دے دیا تھا۔ عدالت نے پوچھا کہ اب اس عدالت سے آپ کیا چاہتے ہیں؟ شبیرشاہ ایڈووکیٹ نے جواب دیا بابرغوری کے خلاف جو بھی خفیہ تحقیقات جاری ہیں تفصیلات طلب کی جائیں۔