حسن مرتضیٰ 14

ایل اے 34آزاد کشمیر،زیادہ ووٹرز والے علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے’حسن مرتضی

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخا بی حلقہ ایل اے 34کے حوالے سے فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژنز کے عہدیداران کے ساتھ ورچوئل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن علاقوں میں ووٹرز کی تعداد زیادہ ہے، وہاں انتخابی مہم پر خصوصی توجہ دی جائے اور زیادہ محنت و وقت دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ 27جولائی تک انتخابی مہم کو سوشل،الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر بھر پور طریقے سے کامیاب بنایا جائے۔ورچوئل میٹنگ میں سرگودھا ڈویژن کے صدر تسنیم احمد قریشی اور فیصل آباد ڈویژن کے صدر سید عنایت علی شاہ،ضلعی صدور تنویر موہل، علی رضا زیدی، عاطف رضا خان، چوہدری اعجاز، رانا نعیم دستگیر، صاحبزادہ زین سلطان اور پی پی پی کے نامزد امیدوار کرنل (ر) قدیر چوہان نے خصوصی شرکت کی۔

اجلاس کے دوران تمام ضلعی و ڈویژنل صدور نے اپنے اپنے علاقوں میں انتخابی سرگرمیوں اور رابطوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ حلقہ ایل اے 34 کے امیدوار کرنل (ر) قدیر چوہان نے اپنی اب تک کی مہم اور اگلے روڈ میپ سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ جھنگ اور چنیوٹ کا دورہ کریں گے جبکہ اس سے اگلے روزخوشاب سے ہوتے ہوئے سرگودھا پہنچیں گے۔ جس پر متعلقہ اضلاع کے تنظیمی عہدیداروں نے انہیں اپنی بھرپور تیاری کا یقین دلایا اور مل کر انتخابی مہم چلانے کی توثیق کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں