اختیار ولی 6

انتخابات میں کامیابی یا شکست کو جمہوری روایت کے مطابق قبول کیا جانا چاہیے ،اختیار ولی خان

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وزیرِاعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ انتخابات میں کامیابی یا شکست کو جمہوری روایت کے مطابق قبول کیا جانا چاہئے۔اپنے بیان میں اختیار ولی خان نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ شکست کی صورت میں اپنے مخالفین کو مبارکباد دینے کا اخلاقی حوصلہ پیدا کریں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی پر پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اسے مبارکباد دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی قوتوں کو جمہوری اقدار کے فروغ کے لئے کامیابی اور ناکامی دونوں کو کھلے دل سے قبول کرنے کی روایت اپنانی چاہیے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس موجود اطلاعات کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) تمام انتخابی حلقوں میں برتری حاصل کئے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کی شفافیت اور جمہوری استحکام کیلئے ضروری ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں عوامی مینڈیٹ کا احترام کریں اور نتائج کو خوش اسلوبی سے قبول کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں