نیر بخاری 7

الٹی گنتی پیپلز پارٹی نے نہیں، حکومت کے اندر سے شروع ہوئی ہے، نیئر حسین بخاری

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ الٹی گنتی پیپلز پارٹی نے شروع نہیں کی بلکہ حکومت کے اندر سے ہی اس کا آغاز ہو چکا ہے، اب تیل دیکھیں اور تیل کی دھار دیکھیں۔اپنے بیان میں سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ وزیراعظم کی مشاورت کے بغیر وزیر داخلہ اور وزیر دفاع کی جانب سے نئے صوبوں کے حوالے سے بیانات سامنے آنا سوالیہ نشان ہے، نئے صوبوں کے قیام کا طریقہ کار آئین میں واضح طور پر درج ہے، اگر نئے صوبے آئینی طریقہ کار کے مطابق بنائے جائیں تو کسی کو اعتراض نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی کی قیادت کے ساتھ اب تک کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔ اگر حکومت کی جانب سے ہم سے مشاورت کی گئی تو ہماری قیادت اس معاملے کو پارلیمانی پارٹی اور مرکزی مجلسِ عاملہ کے سامنے رکھے گی اور باقاعدہ مشاورت کے بعد موقف اختیار کیا جائے گا۔سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی نے کہا کہ نئے صوبوں کی بات کرنے والے وزراء پہلے وزیراعظم کو اعتماد میں لیں۔ وزیراعظم کی جانب سے اس معاملے پر اب تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔نیئر حسین بخاری نے کہا کہ حکومت کے ایک اہم وزیر نے خود کہا ہے کہ نظام بیٹھ گیا ہے، اگر نظام واقعی بیٹھ گیا ہے تو پھر اس کا متبادل بھی بتایا جائے۔

انہوںنے کہاکہ آئین پر عملدرآمد نہ ہونے کو نظام کا بیٹھ جانا قرار نہیں دیا جاسکتا،آئین کی بالادستی اور اس پر عملدرآمد ہی نظام کی مضبوطی کی بنیاد ہے۔ آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ رانا ثناء اللہ اور امیر مقام کھلم کھلا انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بطور سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی چیف الیکشن کمشنر کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے حوالے سے باقاعدہ شکایت کی مگر افسوس کہ اب تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔سید نیئر حسین بخاری نے مطالبہ کیا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیا جائے اور تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں،شفاف، آزاد اور غیرجانبدارانہ انتخابات ہی عوام کے اعتماد کی ضمانت ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں