لاہور (رپورٹنگ آن لائن) اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ اسرائیل، فلسطین اور ایران کا تنازعہ بڑھتا نظر آ رہا ہے،کشمیر اور غزہ میں ریاستی دہشت گردی کا بازار گرم ہے۔
انہوں نے ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ ایران پر اسرائیلی حملے سے خوف کی فضاء پیدا ہو گئی ہے، دنیا کی لیڈر شپ پہلے جنگی جنون کو روکتی رہی، اب صورتحال تبدیل ہوگئی۔ملک محمد احمد خان نے کہا کہ جنگ نے فلسطین کو تباہ کر دیا، لاتعداد بیگناہ لوگوں کو شہید کیا گیا، غزہ میں انسانیت کو قتل کیا جا رہا ہے، کشمیر اور غزہ میں ریاستی دہشت گردی کا بازار گرم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگیں آزادیوں کا قتل کریں گی، انسانی حقوق کی جدوجہد کا قتل ہوگا۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ میڈیا کو چیلنجز کا سامنا ہے، میڈیا کے لوگ کیسے محفوظ رہ سکیں گے؟۔انہوں نے کہا کہ جنگ کے دوران سب سے بڑا قتل سچ کا ہوتا ہے، پاک بھارت جنگ کے دوران بھارتی میڈیا نے حقائق مسخ کر کے پیش کیے، بھارت نے جھوٹ کی بنیاد پر اپنی جنگی برتری ثابت کرنے کی کوشش کی۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاک بھارت جنگ میں امریکی صدر کا کردار قابل ستائش تھا۔









