انقرہ(رپورٹنگ آن لائن) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جنوبی کوریا کے نائب وزیر خارجہ سے ملاقات کی جس میں باہمی تعاون اور علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے گزشتہ شام جمہوریہ کوریا کے وزارت خارجہ کے نائب وزیر برائے اسٹریٹجی و انٹیلی جنس یوونگ یونڈو سے ملاقات کی۔
یہ ملاقات انطالیہ فورم کے موقع پر ہوئی، جہاں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور اور حالیہ علاقائی پیشرفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا،اس موقع پر کوریا کے وزارت خارجہ کے نائب وزیر برائے اسٹریٹجی و انٹیلیجنس نے خطے اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں کو سراہا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور اہم علاقائی امور پر ہم آہنگی بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔
یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عالمی سطح پر سفارتی روابط اور علاقائی استحکام کے لیے کوششیں تیز ہو رہی ہیں۔









