نادیہ حسین 182

اداکارہ، ماڈل و میک اپ آرٹسٹ نادیہ حسین کورونا سے صحت یاب ہوگئیں

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)اداکارہ، ماڈل و میک اپ آرٹسٹ نادیہ حسین دو ہفتوں سے قبل کورونا سے صحت یاب ہوگئیں۔نادیہ حسین میں رواں ماہ 3 اگست کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی، وہ ویکسینیشن کروانے کے باوجود وبا کا شکار ہوئی تھیں۔کورونا کا شکار ہونے کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا تھا اور مداحوں سے صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل بھی کی تھی تاہم اب وہ 12دن میں ہی کورونا سے صحت یاب ہوگئیں، انہوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا کہ اب وہ بالکل ٹھیک ہیں۔نادیہ حسین نے کورونا کی منفی ٹیسٹ ٹیسٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے دعائیں کرنے پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اداکارہ کے صحت یاب ہونے پر مداحوں نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ انہوں نے بعض سوالوں کے جواب میں بتایا کہ ان میں کورونا کی بڑی علامات ظاہر نہیں ہوئی تھیں۔اداکارہ نے کمنٹس میں پوچھے گئے سوالوں کے جواب میں بتایا کہ کورونا سے صحت یاب ہونے کے باوجود تاحال ان کے سونگھنے اور چکھنے کی صلاحیت مکمل طور پر بحال نہیں ہوئی۔بعض مداحوں نے ان سے فرمائش کی کہ وہ ایک ویڈیو کے ذریعے بتائیں کہ انہوں نے کورونا ہونے کے بعد کون سی میڈیسن لیں اور انہیں کن تکالیف اور مسائل کا سامنا رہا۔اس پر نادیہ حسین نے بتایا کہ انہوں نے زیادہ میڈیسن نہیں لیں اور انہیں زیادہ تکالیف کا سامنا بھی نہیں ہوا، اس لیے انہیں ویڈیو بنانے کی ضرورت نہیں۔نادیہ حسین سے قبل عدنان صدیقی اور اشنا شاہ بھی کورونا سے صحت یاب ہوچکے ہیں، وہ بھی دو سے ڈیڑھ ہفتوں میں صحت یاب ہوگئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں