محمد جاوید قصوری 73

آڈیٹرجنرل کی تازہ رپورٹ نے پنجاب حکومت کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے’جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے آڈیٹرجنرل کی تازہ رپورٹ پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں کرپشن کی انتہا ہو چکی ہے.

سرکاری وسائل کا بے دریخ استعمال مال مفت دل بے رحم کے مترادف ہے ،وزراء کی فوج ظفر موج خزانے پر بوجھ بن چکی ہے جبکہ ان کی کارکردگی کہیں نظرنہیں آتی ، یوں محسوس ہوتا ہے کہ ساری حکومت ہی ٹک ٹاک بنانے میں مصروف ہے ، پنجاب حکومت کی 10کھرب کی بے ضابطگیوں ،لوٹ مار،مالی بد عنوانی اور سرکاری فنڈز کا غلط استعمال نے مریم نواز شریف کی گڈ گورننس کا پول کھول دیا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ تشہیری مہم اور ڈنگ ٹپائو اسکیموں کے پس پردہ کرپشن ہو رہی ہے ۔ نا اہل حکمرانوں کے عوام دشمن فیصلوں نے صوبے کے عوام کو مایوس کر دیا ہے ۔پہلے چینی برآمد کر دی گئی اور اب 7لاکھ50ہزار میڑک ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔درآمد برآمد کرنے کے اس دھندے میں شوگر مافیا دونوں ہاتھوں سے عوام اور حکومت دونوں کو لوٹنے میں مصروف ہے ۔

پنجاب حکومت کا کوئی ایک اقدام بھی ایسا نہیں نے میں شفافیت ہو ، اگر حکومت کے اقدامات کو تھرڈ پارٹی آڈیٹ کروایا جائے تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی سامنا آجائے گا ۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں مہنگائی، بیروزگاری، گیس کی لوڈشیڈنگ، تعلیم، بجلی کی لوڈشیڈنگ اور صاف پانی کی فراہمی اہم مسائل ہیں۔ صوبے میں لاقانونیت انتہا درجے کو پہنچ چکی ہے۔

کرپشن کی وجہ سے صورتحال تباہی کے دھانے پر پہنچ چکی ہے۔ قومی وسائل کو جس بے دردی سے ضیاع کیا ہے اس کی مثال کہیں نہیں ملتی،بحیثیت قوم بے یقینی کا شکار ہیں،بے شمار وسائل کے باوجود غربت، جہالت، بے روزگاری، ناانصافی اور لاقانونیت کی دلدل میں دھنس چکے ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں