راجہ پرویز اشرف 8

آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی حکومت بنے گی’راجہ پرویز اشرف

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ بلا شبہ پاکستان پیپلز پارٹی پر پورے آزاد کشمیر کے لوگ اعتماد کرتے ہیں،پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اپنے دور حکومت میں کشمیر میں تعمیر و ترقی کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج میرپور ڈویژن پاکستان پیپلز پارٹی سے اپنی محبت کا ثبوت پیش کر رہا ہے۔خوبصورت جذبے کے ساتھ گھروں سے پولنگ سٹیشن جانے والے کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔راجہ پرویز اشرف نے واضح کیا کہ کشمیر کی تمام یونیورسٹیاں،میڈیکل کالج اور شاہراہیں پاکستان پیپلز پارٹی نے بنائیں۔ مسئلہ کشمیر کو پاکستان پیپلز پارٹی نے پوری دنیا کے سامنے پیش کیا۔انہوں نے یاد دلایا کہ شہید بھٹو نے کشمیر کے لئے ایک ہزار سال تک جنگ لڑنے کا عہد کیا اورشہید محترمہ نے کہا تھا جہاں کشمیریوں کا پسینہ گرے گا وہاں ہمارا خون گرے گا۔

راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ لیں گے لیں گے پورا کشمیر لیں گے،آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی حکومت قائم ہونے کا بہت بڑا فائدہ مقبوضہ کشمیر کے کشمیریوں کو ہو گا۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیری ووٹرز سے گزارش کرتا ہوں کہ ان انتخابات میں نئی تاریخ رقم ہو گی لہذاگھروں میں بیٹھے لوگ 5بجے سے قبل اپنا حق رائے دہی استعمال کریں اور آج پیپلز پارٹی کے نشان تیر پر ٹھپہ لگا کر اپنا فرض ادا کریں،انشااللہ تعالی آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی حکومت بنے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں