شازیہ ماریہ 12

آزاد جموں و کشمیر انتخابات کا شیڈول تبدیل کرنے سے عوامی حمایت نہیں روکی جا سکتی، شازیہ مری

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے آزاد جموں و کشمیر انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو اپنی عوامی مقبولیت پر مکمل اعتماد ہے اور انتخابی شیڈول چاہے جیسا بھی ہو، کامیابی پاکستان پیپلز پارٹی کا مقدر ہوگی۔

اپنے بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی بھرپور، منظم اور مؤثر انتخابی مہم نے سیاسی مخالفین کو شدید بوکھلاہٹ کا شکار کر دیا ہے، جس کے باعث مختلف حربے آزمائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی شیڈول میں تبدیلی جیسے اقدامات عوامی حمایت اور ووٹ کی طاقت کا راستہ نہیں روک سکتے کیونکہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کی طاقت پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور، قیادت اور عوامی خدمت کے جذبے پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کی حمایت ہی اصل طاقت ہے اور ان شا اللہ ہر میدان میں کامیابی پاکستان پیپلز پارٹی کی ہوگی۔شازیہ مری نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر اصولی، واضح اور دوٹوک مؤقف اختیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد قابلِ قبول حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے اور پاکستان پیپلز پارٹی اس مؤقف پر ہمیشہ ثابت قدم رہی ہے۔انہوں نے زور دیا کہ کشمیر جیسے حساس قومی معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر ذمہ دارانہ سیاسی بیانات نہ صرف قومی مفاد کو نقصان پہنچا سکتے ہیں بلکہ سیاسی کشیدگی میں اضافے کا بھی باعث بن سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزرا کو بھی اپنے بیانات میں احتیاط برتنی چاہیے تاکہ قومی یکجہتی اور کشمیر کاز کو نقصان نہ پہنچے۔مرکزی ترجمان نے کہا کہ قومی مفاد اور کشمیر کاز پر تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہو کر ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کشمیری عوام کے جمہوری، سیاسی اور سفارتی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر قومی اور بین الاقوامی فورم پر اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔

شازیہ مری نے مطالبہ کیا کہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات مکمل طور پر شفاف، آزاد، منصفانہ اور غیر جانبدار ماحول میں کرائے جائیں کیونکہ یہی جمہوریت کا بنیادی تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ووٹ کی طاقت سے ہر قسم کے غیر جمہوری ہتھکنڈے ناکام ہوں گے اور ان شا اللہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی حمایت کے ذریعے بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں