سردار ایاز صادق 30

آزاد، محفوظ اور ذمہ دار صحافت ہر جمہوری معاشرے کا بنیادی ستون ہے، سردار ایاز صادق

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ آزاد، محفوظ اور ذمہ دار صحافت ہر جمہوری معاشرے کا بنیادی ستون ہے۔ہفتہ کو عالمی یومِ آزادی صحافت کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ صحافی سچائی کے فروغ اور عوام تک درست، بروقت معلومات کی ترسیل میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں جس سے ریاستی اداروں میں شفافیت اور احتساب کو فروغ ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد صحافت جمہوریت کےاستحکام، عوامی شعور کی بیداری اور قانون کی حکمرانی کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔

سردار ایاز صادق نے صحافتی فرائض کی انجام دہی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے صحافیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ صحافتی برادری نے حق کی تلاش اور عوام کی آواز بننے کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جنہیں ہمیشہ احترام سے یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آئینِ پاکستان آزادیٔ اظہار کی ضمانت دیتا ہے۔ موجودہ ڈیجیٹل دور میں غلط معلومات اور پراپیگنڈا کے تدارک کے لیے ذمہ دار صحافت کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔

سپیکر نے زور دیا کہ حقائق پر مبنی رپورٹنگ کو فروغ دینا قومی مفاد، سماجی ہم آہنگی اور ریاستی استحکام کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان صحافیوں کی آزادی،تحفظ اور حقوق کے لیے مؤثر قانون سازی کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا سے وابستہ افراد کے لیےمحفوظ اور سازگار ماحول کی فراہمی ضروری ہے تاکہ وہ بغیر کسی خوف کے اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دے سکیں۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ آزاد اور ذمہ دار میڈیا جمہوری نظام کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے حقوق کا تحفظ، ان کی پیشہ ورانہ آزادی کو یقینی بنانا اور ان کی سلامتی ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارلیمان میڈیا کی آزادی اورصحافیوں کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں