شرقپور شریف (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے واضح کیا ہے کہ آرمی چیف کی تقرری وزیر اعظم کا استحقاق ہے ،انکے پارٹی قائد یا کسی سے بھی مشورہ کرنے میں کوئی حرج نہیں ،نوازشریف کو پاسپورٹ مل چکا ہے اور جلد صحتیاب ہوکر انتخابات سے قبل واپس پاکستان آئیں گے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شرقپور شریف میں محمود الحسن بزمی کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا ۔انہوں نے لانگ مارچ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا مارچ فسادی مارچ تھا جس کا انجام عوام نے دیکھ لیا ہے اور اب عوام کی لانگ مارچ میں کوئی دلچسپی نہیں رہی ۔عمران خان خود بھی زمان پارک میں بیٹھ گئے ہیں اور تین صوبوں کی پولیس اسکی حفاظت کررہی ہے یہ صرف ڈرامہ ہے جبکہ بیک ڈور چینل کھلے رہتے ہیں اور بات چیت ہوتی رہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے آرمی چیف کی تقرری میرٹ پر ہوگی ۔یہ وزیر اعظم کا استحقاق ہے کہ وہ کسی سے بھی مشورہ کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میاں محمد نوازشریف کا پاسپورٹ سابقہ حکومت نے غیر قانونی طریقے سے کینسل کیا تھا اور اب انہیں پاسپورٹ مل چکا ہے ،جلد صحت یاب ہوکر انتخابات سے قبل واپس پاکستان آئیں گے ۔سینئر اینکر پرسن ارشد شریف کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ ارشد شریف ایک اچھا آدمی تھا اور اس کا قتل انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے جس پر سپریم کورٹ کا جوڈیشل کمیشن بن چکا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ اس میں تمام محرکات سامنے آجائیں گے ،ارشد شریف کے خلاف سازش کی گئی اور اس کی حقیقت بھی عوام کے سامنے آجائے گی ۔









