اسد عمر

کراچی پانی کو ترسنے لگا ،امید ہے سندھ حکومت کے فور منصوبے کی رپورٹ جلد وفاق کو بھیجے گی، اسد عمر

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمرنے کہا ہے کہ کراچی پانی کو ترس رہا ہے، کے فور منصوبے کی رپورٹ سندھ حکومت کے پاس موجود ہے، امید ہے سندھ حکومت جلد رپورٹ وفاق کو بھیجے گی۔

ہفتہ کوکنگری ہاوس کراچی میں پیر صاحب پگارا سے ملاقات کے بعد گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ پیر پگارا صاحب سے ملاقات میں سندھ کے مسائل پربات ہوئی۔

سندھ حکومت اپنے مخالفین پر دباو ڈالتی رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ملک کے ہر حصے ا ور ہر زبان کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ملکی مفاد کی خاطر کام کرنے والے دباوَ کے باوجود کھڑے ہوئے ہیں۔

فواد چوہدری کے انٹرویو سے متعلق سوال پر اسد عمرنے کہا کہ وفاقی وزیر سائنس ٹیکنالوجی جو ذکر کررہے تھے مجھے اس کا نہیں پتہ، موجودہ کابینہ ماضی کی کابینہ سے بہت مختلف ہے جس میں ہر کسی سے مشاورت اور تجویز لی جاتی ہے۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ کنگری ہاوس سے ہمیشہ محبت ملتی ہے، پیرپگارا سے ہمیشہ سیاسی رہنمائی حاصل کی ہے۔

عمران اسماعیل کا کہنا تھا ہم یہاں جب بھی آتے ہیں قیاس آرائی شروع ہوجاتی ہیں کہ روٹھوں کو منانے آئے ہیں لیکن یہ وہ گھر ہے جو کبھی ہم سے نہیں روٹھا۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے معاملات پر ہمیشہ پیر پگارا سے مشاورت کی، پیر صاحب بڑے آدمی ہیں ڈانٹ بھی دیں تو گلہ نہیں ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مویشی منڈیاں لگنے سے کورونا کے مزید پھیلاوکا خطرہ ہے۔ ملک میں سیاسی نہیں بلکہ فلاحی تبدیلی آرہی ہے، وفاق صوبے کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتارہے گا۔