لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پنجاب پبلک سروس کمیشن نے نے محکمہ زراعت ، بورڈ آف ریونیو ، پیرا اور دیگر مختلف محکموں میں آسامیوں پر بھرتی کے سلسلے میں تحریری اور حتمی نتائج کا اعلان کر دیا ۔ سیکرٹری پی پی ایس سی افضال احمد کی جانب سے کامیاب امیدواروں کے باضابطہ نوٹیفکیشنز جاری کر دیئے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ڈپٹی کمشنر آفس شیخوپورہ میں اسٹینوگرافر کی 14آسامیوں پر 46امیدوار انٹرویو کے لئے کامیاب قرار پائے ہیں،اسی طرح بیورو آف اسٹیٹسٹکس میں اسٹیٹسٹیکل آفیسر کی 5 آسامیوں پر 25،محکمہ زراعت میں سینئر ایگریکلچر آفیسر کی 52آسامیوں پر 221،بیورو آف اسٹیٹسٹکس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی 4آسامیوں پر 20،بورڈ آف ریونیو میں اسسٹنٹ کی 2آسامیوں پر 40،محکمہ معدنیات میں سبجیکٹ اسپیشلسٹ کی ایک آسامی پر ایک امیدوار ،محکمہ زراعت میں بھی سینئر سائنٹسٹ کی ایک آسامی پر ایک امیدوار ،پیرا میں گوجرانوالہ ڈویژن کے لیے انفورسمنٹ آفیسر کی 9آسامیوں پر 9امیدوار جبکہ نظرثانی شدہ میرٹ لسٹ میں محکمہ توانائی میں اسسٹنٹ الیکٹرک انسپکٹر کی 7آسامیوں پر 7امیدوار کامیاب قرار پائے ۔تمام کامیاب امیدواروں کو باضابطہ نوٹیفکیشنز جاری کردئیے گئے ہیں جبکہ مکمل تفصیلات کمیشن کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔









