ٹیکس سکیم 18

وزارت خزانہ نے مالی سال 2026-27 کیلئے فنڈز اجرا کی حکمت عملی جاری کر دی

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وزارت خزانہ نے مالی سال 2026-27 کے دوران ترقیاتی منصوبوں اور جاری اخراجات کے لیے بجٹ فنڈز کے اجرا کی حکمت عملی جاری کر دی۔

وزیر خزانہ کے مطابق یہ حکمت عملی پبلک فنانس مینجمنٹ ایکٹ اور فنانشل مینجمنٹ اینڈ پاورز آف پرنسپل اکاؤنٹنگ آفیسرز رولز کے تحت جاری کی گئی ہیں۔

دستاویز کے مطابق پی ایس ڈی پی کے فنڈز سہ ماہی بنیادوں پر جاری کیے جائیں گے، پہلی سہ ماہی میں مجموعی ترقیاتی بجٹ کا 15 فیصد، دوسری سہ ماہی میں 20 فیصد، تیسری سہ ماہی میں 25 فیصد جبکہ چوتھی سہ ماہی میں 40 فیصد فنڈز جاری کیے جائیں گے۔

وزارت خزانہ نے واضح کیا ہے کہ پی ایس ڈی پی کے فنڈز صرف پلاننگ کمیشن کی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی سے منظوری کے بعد ہی جاری کیے جائیں گے، جاری اخراجات کے لیے بھی فنڈز کی تقسیم سہ ماہی بنیادوں پر ہوگی، سرکاری اداروں کو پہلی سہ ماہی میں 20 فیصد جبکہ دوسری اور تیسری سہ ماہی میں 25، 25 فیصد فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔

دستاویز کے مطابق ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگیوں کے لیے الگ طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے، جس کے تحت ہر سہ ماہی میں 25 فیصد فنڈز جاری کیے جائیں گے تاکہ تنخواہوں اور پنشن کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جا سکے۔

وزارت خزانہ نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ غیر ملکی کرنسی کے روپے کور سے متعلق تمام اخراجات کے لیے متعلقہ اداروں کو وزارت اقتصادی امور اور فنانس ڈویژن سے پیشگی بجٹ مختص کرانا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں