لاہور(شہباز اکمل جندران)
لاہور میں لاک ڈاون کے دوران سرکاری سطح پر شراب کی فروخت متعلقہ اداروں کے لئے چیلنج بن گئی۔ہفتہ اور اتوار کو لاک ڈاون کے باوجود شہر کے بڑے ہوٹل شراب بیچتے رہے۔
ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے اجازت ملنے کے بعد لاہور کے بڑے ہوٹلوں نے 25 جون سے پرمٹ ہولڈر کو شراب کی فروخت شروع کردی۔تاہم شراب کی فروخت کا یہ عمل ہفتہ اور اتوار کے روز لاک ڈاون کے دوران بھی جاری رہا۔
جو کہ نہ صرف حکومتی احکامات بلکہ دی پنجاب انفیکشیس ڈیسزز پریوینشن اینڈ کنٹرول آرڈیننس 2020 کی بھی خلاف ورزی ہے۔
اس سلسلے میں گفتگو کرتے ہوئے ہوئے صوبائی وزیر صحت کے ترجمان کا کہنا تھاکہ لاک ڈاون کے دوران سرکاری سطح پر ہفتے اور اتوار کے روز شراب فروخت نہیں کی جاسکتی۔ہوٹلوں کی انتظامیہ قانون کی خلاف ورزی کررہی ہے۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاون کی خلاف ورزی پر کارروائی کا اختیار پولیس کے پاس ہے۔
دوسری طرف لاہور پولیس کے ترجمان کا بھی یہی کہنا ہے کہ ہفتے اور اتوار کو لاک ڈاون کے دوران سرکاری سطح پر شراب کی فروخت نہیں ہو سکتی۔