سپریم کورٹ

سپریم کورٹ نے بنی گالہ تجاوزات از خود نوٹس کیس سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی

سلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپریم کورٹ نے بنی گالہ تجاوزات از خود نوٹس کیس  پر سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی ہے۔ عدالت عظمی  نے سیوریج پلانٹس کے حوالے سے تمام صوبوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک جواب طلب کر لیے ہیں۔

بدھ کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس پر سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ سی ڈی اے کی جانب سے بہت کم قیمت پر سیوریج پلانٹس لگائے گئے ہیں،یہ منصوبے وفاقی دارلحکومت  میں کامیاب ہوں تو ملک کے دیگر حصوں میں بھی لگائے جا سکتے ہیں،سیوریج شہر کا بڑا مسئلہ تھا ان منصوبوں کو لگانے پر مبارکباد دیتا ہوں،

سیوریج کا معاملہ ٹریک پر آنے پر عدالت کو خوشی ہے،عوامی مفاد میں اس کیس کو دیکھ رہے ہیں،غیر قانونی تعمیرات اسلام آباد کا دوسرا بڑا ایشو ہے،چاہتے ہیں کہ غیر قانونی تعمیرات نہ ہوں،چیئرمین سی ڈی بائیو گیس کے حوالے سے  بھی اقدامات کریں،مقامی حکومتوں کو اختیارات دینا بھی اہم ہے،مقامی حکومتوں کو اختیارات دینا آئینی ذمہ داری ہے،

دوران سماعت چیئرمین سی ڈی اے نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد میں پہلے 300 بلڈنگ پرمٹ جاری ہوئے تھے،ہم نے 2 ہزار بلڈنگ پرمٹس جاری کئے ہیں،دیہی علاقوں سے نقشوں کی آنے والی درخواستوں کو بھی پراسس کر رہے ہیں،آج سے درخواستوں اور فیسوں کو آن لائن جمع کروانے کا عمل بھی شروع ہو رہا ہے۔دوران سماعت جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیے کہ کام کوئی بھی کرے کام ہونا چاہیے۔۔