اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہاہے کہ سڑکوں کی بندش، عوام کی آمدورفت میں خلل کے حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے واضح احکامات ہیں، ہماری ذمہ داری ہے، کوئی پرتشدد جتھہ اسلام آباد نہیں آئے گا،جماعت اسلامی کے ساتھ ہمارا رابطہ ہے، جماعت اسلامی کے پرامن اور سمجھدار لوگ ہیں،قانون سب کے لئے یکساں ہے،فیول ریلیف سکیم کے حوالے سے شکایات بھی آ رہی ہیں، جو شکایات آ رہی ہیں، انہیں حل کیا جا رہا ہے،پٹرولیم ریلیف سکیم ٹارگٹڈ سبسڈی ہے، تقریباً اڑھائی کروڑ موٹر سائیکلیں پاکستان میں رجسٹرڈ ہیں جو اس سکیم سے مستفید ہوں گے۔
اتوار کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات و نشریات نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف نے موجودہ صورتحال میں عوام کے لئے خصوصی فیول ریلیف سکیم کا اجراء کیا،پرائم منسٹر فیول ریلیف سکیم کامیابی سے جاری ہے، پوری دنیا میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، خطے میں کشیدگی کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ وزیراعظم نے غریب طبقے کا احساس کرتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو بروقت ہدایات جاری کیں، وزیراعظم نے خصوصی ریلیف سکیم کی ہر مرحلے پر خود نگرانی کی۔ انہوںنے کہاکہ رجسٹریشن کا عمل وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تعاون سے کامیابی سے مکمل کیا گیا، وزیراعظم کو عوام کی فلاح و بہبود کا خصوصی خیال ہے۔
انہوںنے کہاکہ وزیراعظم نے 15 سال کی بجائے 20 سال پرانی موٹر سائیکل، رکشہ اور گاڑیوں کو بھی سکیم کا حصہ بنایا۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ یکم جنوری 2006ء کے بعد رجسٹرڈ تمام موٹر سائیکل، رکشے، چنگ چی سکیم میں رجسٹریشن کے لئے اہل ہو گئے ہیں،سکیم میں اندراج کے لئے ایس ایم ایس بھی فری کر دیا گیا ہے، ایک ٹوکن پر پانچ لیٹر پٹرول کی حد کو ختم کر دیا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ تمام صوبائی حکومتوں بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کی حکومتوں نے سکیم پر عمل درآمد کے لئے بھرپور کردار ادا کیا، موٹر سائیکل، چنگ چی یا رکشہ استعمال کرنے والوں کو مہینے میں چار ٹوکن ملیں گے، 800 سی سی تک کی گاڑیوں کو ہر دس دن بعد 10 لیٹر پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر رعایت دی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ یہ سہولت تمام پٹرول پمپوں پر دستیاب ہیں، اوگرا کے ذریعے پٹرول اسٹیشنوں کو باقاعدہ ہدایات جاری کی جاتی ہیں۔
وزیراطلاعات نے کہاکہ اسکیم کا پورے پاکستان میں کامیاب اجراء ہوا ہے، اس وقت تک اسکیم کے تحت 22 لاکھ سے زائد افراد رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ 92 فیصد موٹر سائیکل، چنگ چی اور رکشہ استعمال کرنے والے ہیں، موٹر سائیکل، چنگ چی اور رکشوں کے لئے مالک ہونے کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ صرف گزشتہ روز 5 لاکھ 57 ہزار سے زائد رجسٹریشن ہو چکی ہے، اب تک 19 لاکھ ٹوکن جاری کئے جا چکے ہیں، ایک لاکھ 52 ہزار 800 سی سی گاڑیوں کو ٹوکن جاری کئے گئے ہیں، صرف گزشتہ روز 5 لاکھ 45 ہزار سے زائد ٹوکن جاری کئے گئے۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم کو اسکیم کے حوالے سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ کیا جا رہا ہے، عوام کی آراء کی روشنی میں اس سکیم میں مزید بہتری لائی جائے گی۔
انہوںنے کہاکہ یہ اسکیم سب سے زیادہ مستحق افراد کے لئے لائی گئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ اس میں کسی قسم کا خلل نہ آئے، ہماری ذمہ داری ہے، کوئی پرتشدد جتھہ اسلام آباد نہیں آئے گا۔ انہوںنے کہاکہ فیول ریلیف سکیم کے حوالے سے شکایات بھی آ رہی ہیں، جو شکایات آ رہی ہیں، انہیں حل کیا جا رہا ہے،عوام کے لئے آگاہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ عوام کو فیول ریلیف سکیم میں رجسٹریشن کے لئے باقاعدہ ٹیوٹوریل کے ذریعے آگاہ کیا جا رہا ہے، امپلی منٹیشن کمیٹی کی میٹنگ میں تمام صوبوں کے نمائندے موجود تھے۔
انہوںنے کہاکہ فیول ریلیف اسکیم کے تحت ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پٹرولیم ریلیف سکیم ٹارگٹڈ سبسڈی ہے، تقریباً اڑھائی کروڑ موٹر سائیکلیں پاکستان میں رجسٹرڈ ہیں جو اس سکیم سے مستفید ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم نے کفایت شعاری مہم کے تحت بہت سے اقدامات پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے، اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں کئی وزراء وزیراعظم کے ہمراہ روانہ نہیں ہوئے، انتہائی مختصر وفد وزیراعظم کے ہمراہ دورہ پر روانہ ہوا ہے۔









