ہائیکورٹ 10

ذہنی معذوری کے شکار شخص کا مقدمہ قابل سماعت قرار، عدالت نے درخواست مسترد کر دی

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے ذہنی معذوری کے شکار شخص کی جانب سے بھائی کے ذریعے دائر وراثتی جائیداد کا مقدمہ قابل سماعت قرار دینے کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے بہن مسرت محمد دین کی آئینی درخواست مسترد کر دی۔

اجسٹس مزمل اختر شبیر نے 9صفحات پر مشتمل فیصلے میں قرار دیا کہ ذہنی معذوری کے شکار شخص کا مقدمہ دائر کرنے کے لیے پہلے کورٹ آف پروٹیکشن سے سرپرست مقرر کروانا لازمی نہیں۔ سول کورٹ بھی ذہنی معذوری کا جائزہ لے کر مقدمے کی حد تک سرپرست مقرر کر سکتی ہے۔عدالت نے قرار دیا کہ ذہنی معذوری کا حتمی تعین شہادتیں ریکارڈ کرنے کے بعد بھی کیا جا سکتا ہے اور فریقین کو اپنا مقف پیش کرنے کا موقع دیا جا سکتا ہے۔درخواست گزار مسرت محمد دین نے موقف اختیار کیا تھا کہ ان کے ذہنی معذور بھائی صفدر علی نے وراثتی جائیداد انہیں بطور تحفہ منتقل کی تھی۔ ان کے مطابق بھائی کی جانب سے سرپرست کے ذریعے مقدمہ دائر کرنے کے لیے قانونی طریقہ کار اختیار نہیں کیا گیا۔فیصلے کے مطابق سول کورٹ نے صفدر علی کو ذاتی طور پر طلب کرکے سوالات کیے، تاہم وہ اپنے نام اور رشتوں کی شناخت کے علاوہ دیگر سوالات کے جواب نہیں دے سکے۔

سول کورٹ نے صفدر علی کے بھائی محمد یعقوب کے ذریعے دائر مقدمہ قابل سماعت قرار دیتے ہوئے متنازعہ جائیداد مزید منتقل کرنے سے روک دیا تھا۔لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ ذہنی معذوری کے شکار شخص کے قانونی مفادات کا تحفظ عدالت کی ذمہ داری ہے، جبکہ جائیداد مزید منتقل ہونے سے نئے مقدمات اور قانونی پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔عدالت نے سول کورٹ اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج چنیوٹ کے فیصلے درست قرار دیتے ہوئے مسرت محمد دین کی آئینی درخواست خارج کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں