سندھ ہائی کورٹ 7

نقیب اللہ قتل کیس: راؤ انوار کی بریت کے خلاف اپیلوں کی سماعت ملتوی

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ میں نقیب اللہ قتل کیس میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار اور دیگر ملزمان کی بریت کے خلاف دائر اپیلوں کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے اپیل کنندہ کے وکیل کی عدم حاضری کے باعث سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔اپیل مقتول نقیب اللہ کے بھائی عالم شیر کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اہم شواہد کو نظر انداز کرتے ہوئے راؤ انوار سمیت دیگر ملزمان کو بری کیا۔

اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 2023 میں عدم شواہد کی بنیاد پر راؤ انوار سمیت 18 ملزمان کو بری کردیا تھا۔ دوسری جانب راؤ انوار کے وکیل عامر منسوب ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ اپیل قانونی وارث کی جانب سے دائر نہیں کی گئی، اس لیے یہ قابل سماعت نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں