سندھ ہائی کورٹ 7

ڈالرز کی خریداری کے نام پر خاتون وکیل سے 4 لاکھ روپے کا فراڈ، مقدمہ درج

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ میں امریکی ڈالرز کی خریداری کے نام پر خاتون وکیل سے مبینہ فراڈ کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار انوشہ ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے ایک نجی ٹریڈنگ کمپنی کے ذریعے چار لاکھ روپے کے امریکی ڈالر خریدنے کے لیے مختلف بینک اکاؤنٹس میں رقم منتقل کی، تاہم ملزمان نے رقم وصول کرنے کے باوجود ڈالرز منتقل کیے اور نہ ہی کوئی جواب دیا۔

رقم کی واپسی کا مطالبہ کرنے پر سیٹلمنٹ کے نام پر مزید دو لاکھ روپے طلب کیے گئے۔درخواست گزار کے مطابق انہوں نے اپریل 2026 میں ٹریڈنگ کے فوری بعد نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کو شکایت درج کرائی، تاہم کئی ماہ تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ عدالت میں پیشی سے قبل گزشتہ رات این سی سی آئی اے حکام نے انہیں طلب کیا اور مقدمہ درج کرلیا۔

سماعت کے دوران این سی سی آئی اے کے تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ درخواست گزار انوشہ کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے، جبکہ انکوائری کے دوران چھ ملزمان کی نشاندہی بھی ہوئی ہے۔ تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان کا تعلق مختلف اضلاع سے ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے مزید وقت درکار ہے۔عدالت نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مہلت دیتے ہوئے سماعت 17 دسمبر تک ملتوی کردی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں