کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائی کورٹ نے بچوں کو پاسپورٹ جاری نہ کرنے سے متعلق توہین عدالت کی درخواست پر ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔سندھ ہائی کورٹ میں ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی، جس میں درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت نے اکتوبر 2024 میں پاسپورٹ کے اجرا سے متعلق درخواستوں پر قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم عدالتی احکامات کے باوجود درخواست گزار کے بچوں کو پاسپورٹ جاری نہیں کیے جا رہے۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم کی روشنی میں نومبر 2024 میں بچوں کے پاسپورٹ کے اجرا کے لیے درخواستیں جمع کرائی گئی تھیں، لیکن تاحال پاسپورٹ حکام کے پاس معاملہ تعطل کا شکار ہے۔درخواست کے مطابق جابر مختار پاکستانی اور سعودی عرب کی شہریت رکھتے ہیں۔ ان کی دو بیویاں اور 10 بچے ہیں۔ درخواست گزار کے پاس پاکستانی پاسپورٹ موجود ہے، تاہم ان کے بچوں کو پاسپورٹ جاری نہیں کیے جا رہے۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت یکم دسمبر تک ملتوی کردی۔






